اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاسوں کا انعقاد ،آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس میں نئی بھرتیوں ،پولیس افسران کی ویلفیئر ،محرم الحرام میں سکیورٹی میں کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ایف سی کی معاونت اور سیف سٹی کے ذریعے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور افسران کو احکامات جاری کیے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹر ل پولیس آفس اسلا م آباد میں اہم اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا،ان اجلاسوں میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سید مصطفی تنویر ،ڈی آئی جی سکیورٹی محمد جواد طارق ،ڈی جی سیف سٹی ملک جمیل ظفر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی،سینئر پولیس افسران نے اسلام آباد پولیس میں نئی بھرتیوں اورپولیس افسران کی ویلفیئر کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دی،آئی جی اسلام آباد نے نئی بھرتی اور پولیس افسران کی ویلفیئر کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔
انہوں نے تمام افسران کو بھر تی کے عمل کو میرٹ اور شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے ،پڑھے لکھے نوجوانوں کو پولیس فورس کا حصہ بنانے اور پولیس افسران کی ویلفیئر کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے،آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام کے دوران وفاقی دارلحکومت میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے سینئر پولیس افسران پر مشتمل اجلاس کی صدارت کی،انہوں نے محرم الحرام میں بھر پور سکیورٹی انتظامات کے لئے ایف سی کی ذمہ داریوں اور سیف سٹی اسلام آباد کے کردار کا جائزہ لیا،محرم الحرام میں ایف سی اسلام آباد پولیس کی معاونت میں اپنے فرائض سر انجام دے گی ،اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیف سٹی اسلام آباد کی بہتر فعالیت کے لئے مزید کیمرہ جات لگائے جانے کے متعلق آئی ٹی ٹیم اور ٹیکنیکل ٹیم کو نئے اہداف سونپے گئے۔