لاہور (نیوز رپورٹر ) لاہور پولیس نے اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد کے الزام میں ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کی استدعا پر عدالت نے خاتون ٹی وی شو میزبان کے شوہر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اینکر پرسن عائشہ جہانزیب نے اپنے دوسرے شوہر حارث کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کروایا، جس میں کہا گیا کہ شوہر نے خفیہ نکاح کررکھا ہے جس پر اعتراض کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا، شوہر نے تین سے چار مرتبہ تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا، کنپٹی پر پستول رکھ کر دھمکیاں دیں، شوہر نے میرے ساتھ بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، شوہر کے تشدد سے شدید چوٹیں آئی ہیں، میاں بیوی کے رشتے کو بچانے کے لیے بڑی کوشش کی لیکن اب قانونی جنگ لڑ رہی ہوں۔
خاتون ٹی وی شو میزبان کی درخواست پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا، جس کے بعد پولیس کی جانب سے کینٹ کچہری لاہور میں عائشہ جہانزیب کے شوہر کو عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا، عدالت میں پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم حارث کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد کرنے والے ان کے دوسرے شوہر حارث ہیں، عائشہ جہانزیب کے پہلے شوہر جہانزیب انتقال کرچکے ہیں، ایک شو کے دوران خاتون اینکر نے بتایا تھا کہ شوہر کے انتقال کے بعد والدہ میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی لیکن والدہ کو آخر تک یہ معلوم نہیں ہونے دیا کہ انہیں کیا بیماری لاحق ہے، تاہم بیماری کے بعد والدہ نے دوسری شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کیا، اس حوالے سے میں کافی عرصے تک انکار کرتی رہیں لیکن پھر میں نے ہار مان لی، میرا آج تک ایک ہی مرد دوست حارث تھا جس سے میں نے دوسری شادی کرلی۔