اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور ارزاں رہائش کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، حکومت ارزاں رہائشی سہولیات کی بہم رسانی کے لیے پرعزم ہے ، ملک میں سرکاری شعبے کے مزید رہائشی منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہر ایک کو اپنی چھت میسر آسکے ،سرکاری رہائشی منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کو فروغ دیاجائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پی ایچ اے فاونڈیشن کے ہاوسنگ پراجیکٹ I-16/3میں تیار اپارٹمنٹس کی چابیاں الاٹیز کے حوالے کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں ریاض حسین پیرزادہ نے قبل ازیں الاٹیز کے حوالے کیے گئے اپارٹمنٹس کا دورہ بھی کیا اور منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پی ایچ اے فاونڈیشن حکام کی تعریف کی جبکہ معیاری کام پر ڈائریکٹر پراجیکٹ کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے پی ایچ اے فاونڈیشن حکام کو ہدایت کی کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ملک بھر میں مزید منصوبے شروع کیے جائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری رہائشی منصوبوں میں تمام تر سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنائی جائے گی اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ اے فاونڈیشن شاہد حسین نے وفاقی وزیر کو 117ایکڑ پر مشتمل کثیر المنزلہ رہائشی منصوبے بارے مفصل بریفنگ دی اور بتایاکہ اس منصوبے میں وفاقی ملازمین اور عام شہریوں کے لیے مجموعی طور پر 672بی ٹائپ اور 912ای ٹائپ اپارٹمنٹس ہیں منصوبے میں 51شاپس پر مشتمل کمرشل بلاک بھی شامل ہے۔منصوبے میں ٹیوب ویل کی تکمیل ہوچکی اور بجلی اور پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔یہ رہائشی منصوبہ فروری2023میں پایہ تکمیل کوپہنچا جس کے بعد 1416بی اور ای ٹائپ کی آفر کردی گئی تھی۔
انہوںنے بتایاکہ 1063اپارٹمنٹس مالکان کے حوالے کردیئے گئے ہیں جبکہ 33خاندان نئے اپارٹمنٹس میں رہائش بھی اختیار کرچکے ہیں۔کمرشل بلاک کی 23دکانوں کی نیلامی ہوچکی ہے اور مالکان کو قبضہ دیاجارہاہے۔ وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اس موقع پر الاٹیز کو مبارکباد ددی اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے تحفظات بھی سنے۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے الاٹیز کے تحفظات پر پی ایچ اے فا?نڈیشن حکام کو ہدایت کی منصوبے میں تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنائی جائے اور سیکورٹی کا خاطر خواہ نظام اپنایاجائے۔وفاقی وزیر نے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور ماحولیاتی مسائل سے چھٹکارے کے لیے منصوبے میں شجر کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ الاٹیز کی باہمی مشاورت سے تمام مسائل کا حل نکالاجائے تاکہ الاٹیز کو ایک اعلی معیار کی رہائشی سہولت سے استفادہ ہو۔