suprimcourt

مخصوص نشستیں کیس کا فیصلہ کا وقت تبدیل،فل کورٹ 12 بجے فیصلہ سنائے گا،نیا اعلامیہ جاری

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) رات گئے سپریم کورٹ کی جانب سے مختصوص نشستیں کیس سے متعلق محفوظ فیصلہ سنانے کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز صبح ساڑھے 9 بجے کے بجائے 12 بجے فیصلہ سنایا جائیگا جبکہ تین رکنی بنچ کے بجائے فل کورٹ فیصلے کے وقت موجود ہوں گے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 12 ججز کی موجودگی میں اپنا مختصر حکم نامہ جاری کریں گے ۔

اس سے قبل سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا کہ سپریم کورٹ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس کا فیصلہ جمعہ کی صبح ساڑھے 9 بجے سنائے گی ،چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کورٹ نمبر ایک میں مختصر حکم نامہ سنائے گا ۔اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مخصوص نشستوں کے کیس کی سماعت کرنے والے فل کورٹ میں شامل 13 ججز نے شرکت کی۔اجلاس تقریباً چالیس منٹ تک جاری رہا جس میں کیس کے فیصلے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان نے شرکت کی ۔