یوکرین کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد روس کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے اور دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں میں خونریز جھڑپیں جاری ہیں۔
یوکرین حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوج خارکیف پر قبضہ کرنےمیں تاحال ناکام ہے اور روسی افواج کو مختلف محاذوں پر شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
یوکرین کے صدارتی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کی فوج نے خار کیف شہر میں گیس پائپ لائن میزائل کے ذریعے اڑا دی ہے۔
15 لاکھ کی آبادی والا خار کیف دارالحکومت کیف کے بعد یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ گیس لائن کی تباہی ماحولیات کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے، گیس لائن کی تباہی کے اثرات سے بچنے کے لیے شہریوں کو کھڑکیاں اور روشن دان بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شہریوں کو مائع چیزیں پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔