اسلام آباد(سیاسی رپورٹر)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پختوںخوا اسمبلی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفے دینے پر آمادہ ہوگئی ہے جبکہ ہم نے تحریک انصاف سے مذاکرات کیلیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
مولانا نے کہا کہ کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کریگی جبکہ نئے انتخابات کےلئے پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے۔ہ مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی کے ساتھ باہمی مشاورت سے حکمت عملی طے کریگی۔
فضل الرحمن نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے پی ٹی آئی سے تلخیاں تھیں تاہم اب تحریک انصاف کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جارہے ہیں
مولانا نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہیں جبکہ نگران سیٹ اپ کا تصور ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بے بس ہیں، خیرخواہی میں کہا تھا کہ ن لیگ پیپلزپارٹی حکومت نہ لے کیونکہ انہیں حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آرہی۔
مولانا نے کہا کہ ریاستی ادارے ذمہ دار ریاست کا کردار ادا نہیں کررہے اور انہیں اپنے رویے یا حالات پر کوئی بات سمجھ بھی نہیں آرہی، مارشل لاء اور ایمرجنسی سے اب کام نہیں چلے گا کیونکہ حالات اور اختیارات اب ان کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ اپنی پالیسی پر ردوبدل کرے کیونکہ ملک اب ایسے نہیں چلے گا، بنگال کی طرح اب دو صوبوں کو ملک سے الگ کرنے کے حالات پیدا کئے جارہے ہیں
یہ اداروں اور پارلیمنٹ کو لونڈی جبکہ عوامی نمائندوں کو ملازم بنانے چاہتے ہیں، فوج کو صحیح راستے پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، آپ چاہتے ہیں ایمرجنسی لگائیں مرضی کی جماعتیں پارلیمنٹ بنائیں یہ اجازت نہیں دینگے۔