مریم نواز نے سہولیات کی فراہمی کیلئے سوشیو اکنامک رجسٹری منصوبے کا آغازکر دیا

لاہور(وقائع نگار) حکومت پنجاب نے صوبے میں سولر پروگرام، کسان کارڈ، ہیلتھ کارڈاور سکالرشپ پروگرام سمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرام میں شامل کرنے کے لیے سوشیو اکنامک رجسٹری منصوبے کا آغاز کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جہاں “اب ہوگا سب کا شمار” نعرے کے ساتھ پنجاب میں خوش حالی سروے سوشیواکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو سوشیو اکنامک رجسٹری کی مانیٹرنگ کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔

صوبائی حکومت کے منصوبے سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبہ بھر میں گھروں کو شمار کیا جائے گا، ہر گھرانے کی معاشی صورت حال بھی درج کی جائے گی۔

سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت دیہاتوں میں مویشیوں کو بھی شمار کیا جائے گا اور پنجاب بھر میں 5 ہزار رجسٹریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں تاہم عوام گھر سے بیٹھ کر آن لائن ویب پورٹل www.pser.punjab.gov.pk اور ہیلپ لائن0800-02345 کے ذریعے بھی خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔