جاپان میں شدید گرمی سے ایک پاکستانی جاں بحق

ٹوکیو (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان میں جاری شدید گرمی اور لو لگنے سے ایک پاکستانی شاکر احمد انتقال کرگئے ، ٹوکیو سمیت مختلف شہروںمیں انتہا کی گرمی ہے اور سیکڑوں افراد بیمار ہوگئے ہیں ، بوڑھے ، خواتین اور بچوں کو باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

جاپان میں مقیم کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر پاکستانی شاکر احمد شدید گرمی اور لو لگنے کے باعث وفات پاگئے، انکی عمر پچپن برس تھی

وہ گزشتہ تین دہائیوں سے جاپان میں مقیم تھے انکے پاس جاپانی شہریت بھی تھی ، شاکر احمد کے لواحقین میں جاپانی اور پاکستانی بیگمات اور دو جاپانی بچے بھی شامل ہیں ، شاکر احمد کی تدفین جاپان کے یاوارا قبرستان میں کردی گئی ہے ۔

دوسری جانب جاپان میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث ابتک ایک پاکستانی سمیت چھ جاپانی شہری لو لگنے سے ہلاک ہوگئے ،سینکڑوں کی تعداد میں اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں ۔