اسلام آباد۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد ارسلان شاہزیب کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا،میٹنگ میں زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے افسران کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ڈکیتی، قتل، رابری، سٹریٹ کرائم سمیت دیگر مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری، شواہد کے حصول کے حوالے سے ٹائم لائن دیتے ہوئے ضروری ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ فرائض منصبی میں غفلت و لاپرواہی ناقابل برداشت ہے، سنگین جرائم،سٹریٹ کرائم اور کرائم ہاٹ سپارٹس پر خصوصی فوکس کیا جائے۔
منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے، سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
کار وموٹرسائیکل چوری کی روک تھام کے لیے گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے،منظم و متحرک گینگز کے خلاف کاروائیاں کی جائیں، انہوں نے کہا زیر تفتیش مقدمات میں ملزمان کی سزایابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے
سپروائزری افسران زیر تفتیش مقدمات میں پائے جانے والے نقائص کو دور کریں، سنگین مقدمات میں کرائم سین کا خود وزٹ کریں، مقدمات کی موثر تفتیش، بروقت چالان اور موثر پیروی مقدمات سے ملزمان کی سزایابی کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔
ایس ایس پی آپریشنز محمد ارسلان شاہزیب نے کہا شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے اسلام آباد پولیس جانفشانی سے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور شہر بھر میں امن وامان کے قیام کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔