کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا، حکومت کے پاس 44دن،بھاگنے نہیں دیں گے حافظ نعیم الرحمن

راولپنڈی ۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا، حکومت کے پاس 44دن رہ گئے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا،بھاگنے نہیں دیں گے

معاہدے پر اقدامات سے آگاہ رکھا جائے، جو کہتے تھے کہ آئی پی پیز پر بات نہیں ہو سکتی انھیں معاہدوں پر نظرثانی اور آڈٹ کا پابند کیا۔ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ جاگیرداروں پر ٹیکس کے نفاذ کامعاہدہ ہوا

معاہدے پر عمل درآمد کی مقررہ مدت کے دوران ملک گیر جلسوں کا سلسلہ جاری رہے گا، 45دن گزرنے کے بعد عمل درآمد نہ ہوا تو پارلیمنٹ ہاؤس کا رخ کریں گے، 14اگست کو ملک گیر ہڑتال کی تاریخ دوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مری روڈ پر 14روزہ دھرنے کی کامیابی کے بعد جلسہ تشکر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر عطا الرحمن، ڈاکٹر اسامہ رضی، میاں اسلم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر کے پی پروفیسر ابراہیم، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر راولپنڈی عارف شیرازی، مولانا سید چراغ شاہ، رضا شاہ، عمران شفیق ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ جلسہ عام میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔

امیر جماعت نے کہاکہ جماعت اسلامی کا اگلا ایجنڈا ملک کو امریکا کے ایجنٹوں، آئی ایم ایف کی غلامی اور جاگیرداروں اور وڈیروں کے تسلط سے نجات دلانا اور عوام کی حکمرانی قائم کرنا ہے، ہمیں آزاد خارجہ پالیسی کی تشکیل کرانا ہے

ہمارے پاس معاشی اصلاحات کا پورا ایجنڈا موجود ہے، سود کے نظام سے نجات دلا کر قوم کو زکوٰۃ کا نظام دینا ہے، ملک میں عدل و انصاف کا قیام ہے

ملک کو کرپشن فری بنائیں گے اور جمہور کی بالادستی قائم ہو گی، لازم ہے کہ عوام انقلابی جدوجہد اور انتخابات میں ہمارا ساتھ دے، عوامی طاقت اور پرامن مزاحمت سے ہی ملک کو حقیقی آزادی ملے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران امریکا کے خوف سے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لیے آواز نہیں اٹھاتے، فلسطینیوں اور حماس کے مجاہدی نے اسرائیل کو شکست دی، یہ شکست درحقیقت امریکا کی شکست ہے، اسرائیل اس شکست کا بدلہ معصوموں سے لے رہا ہے، مساجد، کیمپوں، صحافیوں اور بچوں، خواتین پر بم برسائے جا رہے ہیں

اسرائیلی ظلم میں جہاں امریکا اور چند مغربی ممالک ذمہ دار ہیں وہیں اسے عرب اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی بھی آشیرباد ہے

پاکستان کے حکمرانوں اور حتیٰ کہ سفیر کو اسماعیل ہنیہ کے نماز جنازہ میں شرکت کی توفیق تک نہ ہوئی، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجاہد فلسطین کے نماز جنازہ میں شرکت کر کے جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کی نمائندگی کی۔