وزیرِ اعظم کی امام مسجد نبوی سے ملاقات، سعودی قیادت کا پیغام پہنچایا

وزیرِ اعظم کی امام مسجد نبوی سے ملاقات، سعودی قیادت کا پیغام پہنچایا

لاہور — وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور میں مسجد نبوی کے امام، ڈاکٹر صلاح محمد البدیر، سے ملاقات کی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے امام مسجد نبوی سے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

امام مسجد نبوی نے وزیرِ اعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی قیادت کی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے سعودی فرمانروا کی صحت اور لمبی عمر کے لیے دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے پناہ عزت اور احترام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر کٹھن وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، علماء کرام، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر سعودی حکام بھی موجود تھے۔