سب لڑکیاں اپنی حفاظت خود کریں،نمرہ خان

کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اپنے اغواء کے واقعے پر تنقید کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا ہے۔

حال ہی میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغواء سے بچ جانے والی اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر ایک نیا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

نمرہ خان نے اپنے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اغواء کے معاملے میں کسی کی ہمدردی یا توجہ کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ آپ لوگوں کو مجھ پر تنقید کرنے کے بجائے جرم پر توجہ دینی چاہیے۔

اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اغواکاروں کا مقصد مجھے نشانہ بنانا نہیں تھا، بلکہ ان کا ہدف صرف ایک لڑکی تھا اور وہ لڑکی کوئی بھی ہو سکتی تھی۔ ان کے چہرے سے واضح تھا کہ وہ نمرہ خان کو نہیں جانتے تھے، ان کا ہدف صرف ایک لڑکی تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر صرف اپنی آواز نہیں اٹھائی، بلکہ میرا مقصد ان لڑکیوں کی آواز بلند کرنا ہے جو ہراساں ہونے کے باوجود اپنے والدین، معاشرے، یا سوشل میڈیا کے خوف کی وجہ سے خاموش رہتی ہیں۔

نمرہ خان نے آخر میں کہا کہ براہ کرم تمام لڑکیاں اپنی حفاظت کریں، ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں، اور میڈیا سے گزارش ہے کہ میری ذات پر توجہ دینے کے بجائے جرم کی روک تھام پر توجہ دیں۔