اسلام آباد — وزارت قومی صحت نے پاکستان میں منکی پاکس کے مشتبہ کیس کی رپورٹ سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ خلیجی ممالک سے واپس آنے والے خیبرپختونخوا کے شہری میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد اس کے ٹیسٹ کیے گئے اور نمونے تصدیق کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔
وزارت کے حکام کے مطابق، متاثرہ شخص میں معمولی علامات پائی گئی ہیں، اور اس سے رابطے میں آنے والے افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ان کے نمونے بھی جمع کیے جا سکیں۔
ترجمان وزارت قومی صحت نے کہا کہ تمام صوبوں کو منکی پاکس کے متعلق فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام داخلے کے مقامات پر سخت نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کانگو اور افریقی ممالک میں منکی پاکس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا ہے۔ افریقہ کے مختلف ممالک میں بچوں اور بڑوں میں منکی پاکس کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اب تک 13 ممالک میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور 517 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ اس سال افریقی ممالک میں منکی پاکس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔