وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور اپوزیشن انتشار اور خلفشار پھیلا رہی ہے، اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں ہے کہ وہ حالات کو سمجھ سکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پشاور حملے کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سفاک حملے میں 6 ملزمان ملوث تھے اور ہم ملزمان تک پہنچ چکے ہیں، ان کا نیٹ ورک اور سلیپنگ سیل ہمارے ریڈار میں ہے۔
عورت مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خواتین بھلے احتجاج کریں لیکن وقت اور جگہ کے تعین کے لیے ڈی سیز کے رابطہ کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عورت مارچ ہو، حجاب مارچ ہو یا علما مارچ ہو کسی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا پولیس نے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کو گرفتار بھی کیا ہے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ لوگ 23 مارچ کو کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے، اور جہاں تک رہی اجلاس کی بات تو درخواست دینے کے 15 ایام بعد اجلاس طلب کیا جاتا ہے، اپوزیشن اپنے ووٹ پورے کرے۔
انہوں نے کہا کہ 172 ووٹ انہوں نے جمع کرنے ہیں، اب آپ کہہ رہے ہیں کہ ایمپائر غیر جانبدار ہیں، شکر ہے اللہ کا کہ آپ کو ساڑھے 3 سال بعد یہ خیال آیا کہ ایمپائر غیرجانبدار ہے، جب آپ ہاریں گے تو آپ کہیں گے کہ تھرڈ ایمپائر نے ہرادیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت 130 ڈالر فی بیرل سے زائد ہوچکی ہے، 50 فیصد گندم یوکرین اور روس دنیا کو فراہم کرتا ہے، پیٹرول کی قیمت امریکا میں 4 ڈالر سے زائد ہے، اس کے باوجود عمران خان نے اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کی سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ہماری سرزمین اب کسی ڈرون حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 22، 23، 24 مارچ کو او آئی سی کے اجلاس کے سبب اسلام آباد میں تعطیل ہوگی، اجلاس میں بڑی تعداد میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، 23 مارچ کو پاکستان میں جے ٹین سی کی اہم پریڈ بھی ہورہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ان کے ووٹ پورے ہوگئے ہیں، فتح اور شکست کا فیصلہ آسمانوں پر ہے، آپ اس ملک کو کیسے چلائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور آپ ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلا رہے ہیں، کیونکہ آپ کو عمران خان اچھا نہیں لگتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ دوبارہ الیکشن جیتنے کے بعد وہ تمام لوگ جو کسی نہ کسی وجہ سے جیلوں سے بچ گیے ہیں وہ پھر جیلوں میں ہوں گے، اور اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں ہے کہ وہ حالات کو سمجھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ عمران خان ان حالات سے نکلیں گے کیونکہ پہلی بار اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے، اس شخص نے ہیلتھ کارڈ دیا، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، اب کوئی سرکاری ہسپتالوں میں علاج نہیں کروا رہا سب فائیو اسٹار ہسپتالوں میں علاج کروا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک قدرتی آفات سے تباہ نہیں ہوتے انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، ایسے حالات میں عمران خان نے 20 روپے پیٹرول اور 5 روپے بجلی میں چھوٹ دی یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، دنیا میں گیس اور پیٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشااللہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اور عمران خان کی تحریک اطمینان کی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جب کسی طرح نقصان نہیں پہنچایا جاسکا تو اب ملک میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے سبب نے اپنا راستہ بدلہ ہے یہ خوش آئند کے اور آسٹریلوی ٹیم پوری سیکیورٹی دی جارہی ہے۔
وزیر داخلہ نے آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی کو جلسے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
علیم خان اور جہانگیر ترین سے رابطے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست کھلے دروازوں کا نام ہے، سب سے بات چیت کرنی چاہیے، اور اپوزیشن کے چہروں پر ظاہر ہورہا ہے کہ وہ ہاریں گے، رمضان میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں نعرے لگے اور ہر صوبے میں ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہو، عمران خان چاروں صوبوں سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی جیتیں گے۔
انہوں خبردار کیا کہ اگر اپوزیشن نے ایک بھی غلطی کی تو جھاڑو پھر جائے گی اور آپ کی سیاست اس کونسٹی ٹیوشن ایونیو پر دفن ہوجائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کہ ہمیں یقین ہے طالبان درست کہہ رہے ہیں کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔