اسلام آباد. پولیس کا غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری،رواں سال کے دوران 79ہزارسے زائد گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں عمل میںلائی گئیں تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کا غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے.
غیر قانونی اورڈبل پارکنگ کے خلاف جاری اس خصوصی مہم کیلئے اسلام آباد پولیس کے افسران پر مشتمل اضافی نفری کے ساتھ خصوصی دستے بھی تشکیل دیئے گئے ہیںجوکہ مختلف اوقات میں شہر کی بڑی شاہراہوں اور مراکز میں گرینڈ آپریشنز کے دوران بلا امتیاز کارروائی عمل میں لا رہے ہیں،جن مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ان میں بڑی شاہراہوں کے ساتھ بڑے تجارتی مراکز، مارکیٹس خصوصاً جی الیون مرکز،ایف الیون مرکز،ایف ٹین مرکز،جی نائن مرکز،جی ایٹ مرکز، آئی ایٹ مرکز، بلیوایریا،جناح سپر مارکیٹ،آبپارہ اور بارہ کہومارکیٹ شامل ہیں .
رواں سال گرینڈ آپریشنز کے دوران غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے79ہزارسے زائد گاڑیوں کے کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور متعدد گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لئے مختلف تھانہ جات میں منتقل کیا گیا،آپریشن کے دوران کار شو رومز کے باہر کھڑی کی گئی گاڑیوں کو فوک لفٹرزکی مدد سے مقرر کردہ پارکنگ ایریا میں منتقل کیا گیا اور شورومزمالکان کو تنبیہ کی گئی کہ وہ فٹ پاتھ اور روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیں گی،ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لئے بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لا رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور اسلام آباد کو حادثات سے محفوظ شہر بنایا جا سکے۔