تحریک انصاف کا جلسہ،جڑواں شہروں کے تمام راستے کنٹیروں سے بند

تحریک انصاف کا جلسہ،جڑواں شہروں کے تمام راستے کنٹیروں سے بند

اسلام آباد — پی ٹی آئی کے بڑے اجتماع کے سلسلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام مقامات بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ اولڈ ایئرپورٹ روڈ، کورال چوک، روات ٹی چوک، اور جی ٹی روڈ کو مندرہ کے مقام سے بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد سے اسلام آباد کو ملانے والا راستہ بھی بند ہے، جبکہ مریڑھ چوک پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ شہر کے اندر راجہ بازار سے مری روڈ، سٹیلائٹ ٹاؤن، اور پیر ودھائی سے آئی جی پی روڈ کو ملانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ٹیکسلا، جی ٹی روڈ، مارگلہ، اور سنگ جانی کے مقام پر بھی سڑکیں بند ہیں، اور 26 نمبر چونگی کے قریب سے بھی شاہراہ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ گندم گودام اور گولڑہ موڑ چوک بھی رکاوٹیں لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ موٹر وے اولڈ ٹول پلازہ اور ترنول پھاٹک کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ راولپنڈی شہر سے ایکسپریس وے اور مری روڈ پر نکلنے والی تمام گلیاں بھی سیل کی گئی ہیں۔ مرکزی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور شہری پریشان ہیں۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہے، اور اسلام آباد میں چلنے والی گرین اور بلیو بس سروس بھی معطل کی گئی ہے۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔

دوسری جانب، اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، اور ریڈ زون جانے والے تمام راستے بھی کنٹینرز سے سیل کر دیے گئے ہیں۔ مری سے اسلام آباد آنے والے راستے کو سترہ میل ٹول پلازہ سے بند کیا گیا ہے، جبکہ بھارہ کہو بائی پاس کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ سرینا چوک، میریٹ چوک، اور نادرا چوک بھی بند ہیں۔ چٹھہ بختاور اور ترامڑی چوک سے آنے والی سڑکیں بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دی گئی ہیں۔ بری امام سے سیکرٹریٹ جانے والی سڑک اور مری روڈ سے بنی گالہ جانے والے راستے بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کے بیشتر اہم چوراہوں پر بھی رات سے کنٹینرز موجود ہیں۔ ریڈ زون جانے والے راستوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ جلسہ گاہ میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور مرکزی اسٹیج کی تیاری پر کام جاری ہے۔ جلسہ گاہ میں بڑی اسکرینیں بھی لگائی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکن پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری جلسہ گاہ کے اطراف میں تعینات ہے۔ جلسہ گاہ کے ساتھ جی ٹی روڈ پر پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ڈی ایس پی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔