شہزادی شیخ مہرہ نے طلاق کےنام پر پرفیوم متعارف کرادیا

دبئی۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ نے ایک نیا پرفیوم “طلاق” کے نام سے متعارف کروا دیا ہے۔ 30 سالہ شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے اپنے نئے پرفیوم کی لانچ کا اعلان فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کیا ہے۔

دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ نے اپنے برانڈ “ایم 1” کے تحت اس پرفیوم کو پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر فعال رہنے والی اور انسٹاگرام پر 9.8 لاکھ فالوورز رکھنے والی شہزادی نے پرفیوم کی لانچ سے پہلے اس موضوع پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں ٹوٹے ہوئے شیشے، کالی پنکھڑیاں، اور ایک بلیک پینتھر کا مونٹیج دکھایا گیا تھا۔

پرفیوم کی بوتل کی رونمائی بھی ہو چکی ہے، جس کا رنگ سیاہ ہے اور اس پر “ڈائیوورس” (طلاق) لکھا ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جولائی میں شیخہ مہرہ نے شادی کے صرف ایک سال بعد اپنے شوہر سے طلاق کا اعلان کیا تھا، جبکہ جوڑے کے ہاں مئی 2024 میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع تھی۔