جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا،وزیراعظم عمران خان

راولپنڈی (سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف نے بھی گھٹنے ٹیک کر این آر او دے دیا، طاقتور چوری کر کے لندن میں بڑے بڑے محلات خرید لیتا ہے، بڑے ڈاکو لندن میں محلات بناتے ہیں، میچ کھیلنے والا کپتان ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، چوروں کا ٹولہ جو بھی کر لے، میں تیار ہوں۔ راولپنڈی میں فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی یوم نسواں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گی، پی ٹی آئی نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے دل سے کام کیا، خواتین کو با اختیار بنانے میں ہمارے کردار کی تاریخ گواہی دے گی، پسماندہ علاقوں میں خواتین کو جائیداد میں حصہ نہیں ملتا، خواتین کو وراثت میں حصہ نہ دینے کی روایت بھارت سے آئی۔ طاقتور کو سزا نہ دینے اور کمزور کو سزا دینے سے معاشرہ تباہ ہوتا ہے، یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، طاقتور کہتا ہے میری بلیک میلنگ میں نہ آئے تو حکومت گرا دوں گا، آپ کے سامنے جو آدمی کھڑا ہے وہ کبھی این آر او نہیں دے گا،میں جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا ، سائیکل چوروں کو ہم جیلوں میں ڈال دیتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اکثر خواتین کو ان کا حق نہیں ملتا، مرد دوسری شادی کے بعد پہلی بیوی کو گھر سے نکال دیتا ہے، خواتین کی تعلیم پر توجہ نہیں دی گئی، میری کامیابی کے پیچھے میری والدہ تھیں، والدہ مجھے ہوم ورک نہ کراتیں تو کبھی پڑھ نہ سکتا، میری کامیابی میں والدہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے، احساس پروگرام کا 98 فیصد پیسہ خواتین کو ملتا ہے، لڑکیوں کو لڑکوں کی نسبت زیادہ وظائف دیئے، جب تک خواتین کو تعلیم نہیں دیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد اصولوں پر رکھی گئی تھی۔