فیض حمید آخر وقت تک فوج کا سربراہ بننے کی منتیں کرتے رہے،خواجہ آصف

بھارت اور اسرائیل پاک فوج کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے گریزاں ہیں، وزیر دفاع

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہماری بہادر فوج کا مسلسل حالت جنگ میں رہنے کا تجربہ ہی ملکی دفاع کی ضمانت ہے ۔سماجی رابطے کی سائٹ پر خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جس طرح اسرائیل امریکا اور مغربی دنیا کی حکومتوں کی شہ پر اسلامی ممالک فلسطین، لبنان اور ایران کو نشانہ بنارہا ہے ویسے پاکستان کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کرسکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ کوئی عجب نہیں اسرائیل اور بھارت کے تعلقات اچھے ہیں اور وہ پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کرتے مگر پاک فوج، ہمارے دفاعی نظام اور میزائل پروگرام کی وجہ سے وہ یہ کرنے سے گریزاں ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جارحانہ عزائم نہ ہونے کے باوجود ہمارے میزائل پروگرام پر جس طرح سے اعتراض کیا جاتا ہے اُس کا واحد مقصد وطن عزیز کو دفاعی صلاحیتوں سے محروم کرنا ہے ۔