اسلام آباد، :چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اسلام آباد میں بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن (BUCM) کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں بحریہ یونیورسٹی کی خدمات اور کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل کے مواقع اور چیلنجز پر بات کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن (BUCM) اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایک مثالی ادارہ ثابت ہو گا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس بات پر زور دیا کہ فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور لگن کیمپس کو ملک کے معروف طبی اداروں میں شامل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔ بعد ازاں نیول چیف نے کیمپس میں موجود مختلف سہولیات کا بھی دورہ کیا اور جدید ترین انفراسٹرکچر کو سراہا۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ کے دوران ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) آصف خالق نے کیمپس کی تعمیر میں پاک بحریہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکریہ کا اظہار کیا۔ بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز اسلام آباد کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے پراجیکٹ کی تفصیلات پیش کیں اور طلباء کے لیے دستیاب سہولیات پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں وزارت صحت، پی ایم اینڈ ڈی سی، ایچ ای سی کے سینئر حکام، بحریہ یونیورسٹی کے سابق ریکٹرز، قابل ذکر سول اور ملٹری حکام، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔