ڈینگی سے بچائو:سرکاری ونجی کالجوں کے ایک ہزار کے قریب طلبہ میدان میں آگئے

راولپنڈی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے راولپنڈی میں ڈینگی ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے بعد ممبرپنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ ،ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر کالجز کی قیادت میں سرکاری ونجی کالجوں کے ایک ہزار کے قریب رضا کار طلباوطالبات میدان میں آگئے ، جنھوںنے ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے دن رات جنگی بنیادوں پر کام کرنے کا عزم کیااور گلی محلوں میں پھیل کر ڈینگی خاتمے کے لیے آگاہی مہم شروع کردی ۔گذشتہ روز ڈینگی کے خاتمے کے عزم کے ساتھ راولپنڈی کے دو بڑے تعلیمی اداروں گورنمنٹ وقار النساپوسٹ گریجویٹ کالج اور گورنمنٹ سٹلائیٹ ٹاون کالج فار بوائز میں رضا کارطلباوطالبات میں کارڈ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریبات ہوئیں ، وقار النساکالج میں منعقدہ تقریب میں ممبران پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ اورمحسن ایوب، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمدستی، ڈپٹی ڈائریکٹر امجد اقبال خٹک، اسٹنٹ ڈائریکٹرز پروفیسر احمر وپروفیسر شاہ رخ رشید، سپرٹنڈنٹ ملک جمیل اعوان اورگرلز کالجزکی پرنسپلزواساتذہ نے شرکت کی ، اس موقع پر طالبات کو محکمہ صحت کی جانب سے ٹریننگ دی گئی تاکہ وہ ڈینگی کی آگاہی مہم بارے اپنے گھر، محلے اور دیگر مقامات پر کام کرکے حکومت کا ہاتھ بٹاسکیں، سٹلایٹ ٹاون کالج میں منعقدہ تقریب میں طلبا کو گائیڈ لائن دینے کے علاوہ انکی خصوصی تربیت بھی کی گئی ، سٹلایٹ ٹاون کالج میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، ممبران پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ، محسن ایوب، شازیہ رضوان، اسماعباسی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی، دونوں تقریبات میں ممبران اسمبلی ، ڈپٹی کمشنر وقار حسن چیمہ اوردیگرکا کہناتھاکہ مشکل ترین حالات میں ہمیشہ نوجوان نسل بالخصوص طلباوطالبات نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیاہے آج وطن عزیز ، پنجاب اور بالخصوص راولپنڈی ڈینگی کی ذد میں ہے ، ایسے میں طلباوطالبات میدان میں نکل کر ڈینگی خاتمے کو یقینی بناسکتے ہیں، انکی مددکے بغیر ڈینگی سے جنگ نہیں جیتی جاسکتی، ڈینگی خاتمے کے لیے میدان میں آنے والے رضا کار طلباوطالبات کے لیے موقع ہے کہ وہ اس قوم کے محسن بنیں، سیاست سے ہٹ کر ہمیں خدمت کرنی ہے ، اوراسی جذبے کے تحت وزیر اعلی پنجاب نے اپنے طلباوطالبات کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیاہے ، جہاں پانی کھڑادیکھیں اسکی فوری رپورٹ کریں، گلی، محلوں ، بازاروں، پارکوں ، ریسٹورنٹ اور ہر جگہ پھیل جائیں تاکہ ہم ڈینگی کو ختم کرسکیں اگلے دوہفتے بہت اہم ہیں، اگر اب بھی نوجوان پوری طاقت سے گھروں سے نہ نکلیں تو ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتاہے، اس موقع پر ایم پی اے آمنہ حسن شیخ نے تمام رضاکاروں اور دیگر طلباوطالبات سے گھل مل گئی اور اپنا نمبر شیئر کرتے ہوئے انھیں سوشل میڈیاپر مہم چلانے بارے بریف کیا، ڈینگی خاتمے کے لیے رضاکار کے طورپر راولپنڈی میں مجموعی طورپر ایک ہزارکے قریب طلباوطالبات نے اپنے مشن کا حلف لیااور حکومتی کاوشوں کو ثمر آور بنانے کے لیے دن رات کام کرنے کا عزم کیا۔