وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پاکستانی انڈسٹری میں نائٹرک ایسڈ کی تخفیف کے معاہدے پر دستخط کر دیئے

اسلام آباد۔۔۔وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ نے پاکستانی انڈسٹری میں نائٹرک ایسڈ کے اخراج کو کم کرنے کے لیے نائٹرک ایسڈ کلائمیٹ ایکشن گروپ کے ساتھ سٹیٹمنٹ آف انڈرسٹینڈگ (ایس او یو)پر دستخط کر دیئے۔

اسلام آباد میں منعقدہ دستخطی تقریب میں جرمن سفارت خانے کی فرسٹ سیکرٹری جینین روہور اور جی آئی زیڈ کے پاکستان میں توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انصاف کی منتقلی کے کوآرڈینیٹر وولف گینگ ہیس نے شرکت کی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے اس اقدام سے فاطمہ فرٹیلائزرز ملتان پلانٹ اپنی پیداواری سہولیات میں نائٹرس آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے اور پیمائش کرنے والی ٹیکنالوجی کے لیے کیٹلسٹس کی تنصیب کے لیے این اے سی اے جی سیکرٹریٹ سے مالی معاونت کا اہل ہو گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی معاون رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ نجی شعبے کے ساتھ ایس او یو پر دستخط کرنے کے بعد پاکستان ارجنٹائن، کولمبیا، جارجیا، اردن، میکسیکو، پیرو، تھائی لینڈ، تیونس، ازبکستان اور زمبابوے کے ساتھ باضابطہ طور پر تعاون کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے والا 11 واں ملک بن گیا ہے۔

ملک کے نائٹرک ایسڈ سیکٹر میں سالانہ چار ملین ٹن CO2 مساوی اخراج کو کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہماری آب و ہوا کی کارروائی کی حکمت عملی میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور ہم جرمن حکومت اور جی آئی زیڈ کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان میں کھاد کے شعبے میں نائٹرس آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کی صلاحیت کا تخمینہ تقریبا 1.86 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برابر سالانہ لگایا گیا ہے۔ نائٹرس آکسائیڈ کی گلوبل وارمنگ کی صلاحیت کاربن ڈائی آکسائیڈ سے تقریبا 300 گنا زیادہ ہے جو 100 سال کے ٹائم پیمانے پر ہے۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیرس معاہدے جیسے بین الاقوامی معاہدوں کے ساتھ قومی اقدامات کو ہم آہنگ کرکے ملکی گرین ہاؤس گیسزکے اخراج کو کم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نائٹرک ایسڈ تیار کرنے والے جدید تخفیف ٹیکنالوجی اور نگرانی کے آلات کے لیے 7 ملین یورو سے زیادہ گرانٹ کے اہل ہو گئے ہیں۔

سکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ عائشہ موریانی نے نائٹرس آکسائیڈ کے اخراج کے اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ این اے سی اے جی اقدام پاکستان کو نائٹرک ایسڈ سیکٹر سے نائٹرس آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرکے کاربن کے تخفیف کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔ نائٹرس آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے کے علاوہ یہ اقدام صاف ہوا اور بہتر صحت عامہ سے لے کر سبز ٹیکنالوجی کے فروغ اور گرین سیکٹر میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے تک دیگر ماحولیاتی اور اقتصادی فوائد لائے گا۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے پارلیمانی سیکرٹری احمد عتیق انور نے کہا کہ گلوبل وارمنگ سے جی ایچ جی کے اخراج سے نمٹنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کرنا حکومت کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ نجی کمپنیوں کو قومی ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں مدد کرے گی۔ جینین روہور نے کہا کہ معاہدہ پر دستخط گرین ہاؤس گیسز کے اخراج سے نمٹنے اور ایک سرسبز، زیادہ پائیدار مستقبل کی تعمیر میں بین الاقوامی تعاون کی طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔

جرمن ترقیاتی کارپوریشن این اے سی اے جی کے ذریعے 7 ملین یورو سے زیادہ کی گرانٹ فنانسنگ فراہم کر رہی ہے۔جی آئی جی میں توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور جسٹ ٹرانزیشن کے کوآرڈینیٹر وولف گینگ ہیس نے این اے سی اے جی کی کامیابی کے لیے ضروری تکنیکی مہارت اور صلاحیت سازی میں معاونت فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔