لارنس بشنوئی کے نام پر سلمان خان کو دھمکیاں دینے والا گرفتار

بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے ملزم کو جھارکھنڈ کے شہر جمشیدپور سے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، ملزم نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام لیتے ہوئے اداکار سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، اور اس کے ساتھ سلمان خان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ دھمکی آمیز پیغام 18 اکتوبر کو ممبئی ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم میں موصول ہوا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔

21 اکتوبر کو ملزم نے ایک معافی نامہ بھیجا، جس میں اس نے کہا کہ یہ پیغام غلطی سے بھیجا گیا تھا۔ تاہم، پولیس نے ملزم کی لوکیشن کو جھارکھنڈ سے ٹریس کر کے کامیاب کارروائی کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ لارنس بشنوئی گروہ سے منسلک ہے اور تاوان نہ دینے کی صورت میں سلمان خان کی زندگی کے خطرے کی بھی خبر دی تھی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سلمان خان کو اس سے پہلے بھی بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں مل چکی ہیں، جب کہ گینگسٹر نے اداکار سے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا۔