اکتیس اکتوبر کو DGTO صدر اسلام آباد چیمبر کی اہلیت کا فیصلہ کرے گا:ندیم منصور

اسلام آباد۔صدر فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و کارپوریٹ ممبر سید ندیم منصور نے کہا ہے کہ اکتیس اکتوبر کو ڈی جی ٹی او صدر اسلام آباد چیمبر کی اہلیت کا فیصلہ کرے گا،صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی الیکشن لڑنے کے اہل نہیں تھے ،اکتیس اکتوبر کو ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن(DGTO) کے سامنے ہئیرنگ میں تمام شواہد رکھوں گا جس کے بعد امید کرتا ہوں کے فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ آرگنائزیشنز قانون کے مطابق کسی بھی ایگزیکٹو ممبر کیلئے دوبارہ الیکشن لڑنے کیلئے ایک سال کا وقفہ ہونا ضروری ہے جو نئے قانون کے مطابق دو سال کا وقفہ کردیا گیا جبکہ ناصر قریشی گزشتہ سال بھی ایگزیکٹو ممبر تھے اور اس سال دوبارہ الیکشن لڑ کر اسلام آباد چیمبر کے صدر بن گئے ہیں۔میں نے ان کے کاغذات نامزدگی ڈی جی ٹی او کے سامنے چیلنج کئے تھے جہاں نو ستمبر کو فیصلہ ہمارے حق میں آیا اور انہیں الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا جس پر یہ اسلام آباد ہائیکورٹ چلے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نےبارہ ستمبر کو کیس ڈی جی ٹی او کو ریمانڈ بیک کر دیا اس دوران الیکشن لڑ کر یہ توہین عدالت کے مرتکب بھی ہوئے ہیں۔ڈی جی ٹی او نے اکتیس اکتوبر کو اس کیس کی ہئیرنگ رکھی ہے جہاں میں تمام حقائق اور شواہد معزز عدالت کے سامنے رکھوں گا۔