اسلام آباد ۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے توہین آمیز اور غیر اخلاقی مواد کی تشہیر کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
پی ٹی اے اس قسم کے مواد کو بلاک کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، اور اب تک 100,183 توہین آمیز یو آر ایل اور 844,008 غیر اخلاقی ویب سائٹس کو بلاک کر چکی ہے۔
پی ٹی اے سوشل میڈیا پر توہین آمیز اور غیر اخلاقی مواد کی پھیلائی جانے والی ویب سائٹس کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہے اور ان ویب سائٹس کو نشانہ بنا رہی ہے جن کے بارے میں شہریوں اور حکومتی اداروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔
یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک بھر سے روزانہ تقریباً 20 ملین فحش ویب سائٹس تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے، جو کہ بین الاقوامی گیٹ وے پر بلاک کی جاتی ہیں۔ صارفین ان ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے VPNs کا استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی اے ان مواد کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز وزارت مذہبی امور نے پی ٹی اے کو ایک خط بھیجا، جس میں سوشل میڈیا پر پورنوگرافی اور توہین آمیز مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔
خط میں وزارت کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ توہین آمیز مواد کو فوراً انٹرنیٹ سے ہٹا دیا جائے، کیونکہ اس قسم کا مواد سوشل میڈیا پر موجودگی کی صورت میں معاشرتی طور پر بہت منفی اثرات مرتب کرتا ہے، خاص طور پر نئی نسل پر اس کا برا اثر پڑ رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی معاشرتی، مذہبی اور ثقافتی روایات کے مطابق اس نوعیت کا مواد بالکل قابل قبول نہیں ہے اور یہ پاکستان کی مشرقی، مذہبی اور سماجی اقدار کے خلاف ہے۔