اسلام آباد ۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کی سربراہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی ہے ،وزیر توانائی اور اے ڈی بی وفد نے توانائی شعبے میں تعاون پر بات چیت کی۔ وزیر توانائی کا پاکستان کے توانائی شعبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف۔
کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ توانائی کے شعبے کی منصوبوں، خاص طور پر ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پر مرکوز ہے۔توانائی شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اے ڈی بی پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی، اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔اے ڈی بی پاکستان کے توانائی شعبے کی پائیداری،جدیدیت اور کارکردگی بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔
اس موقع اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ہم پی پی ایم سی میں ایک ٹیم تیار کر رہے ہیں جو پاور ڈویڑن کو پالیسی رہنمائی فراہم کرے گی۔ اے ڈی بی کے تعاون سے صحیح کام کے لیے صحیح افراد کی تعیناتی ممکن ہو سکے گی۔ڈسکوز کی نجکاری سے قبل انہیں بہتر پوزیشن میں لانے کے لیے ہمارے ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے ان میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں پاور ڈویژن سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک ماضی کی طرح مستقبل میں بھی باہمی مشاورت سے توانائی کے شعبے کی ترقی اور دیگر اہم منصوبوں پر تعاون جاری رکھیں گے۔