اسلام آباد بیلاروس کے صدر الیگزنڈر لوکاشینکو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا

اسلام آباد . بیلاروس کے صدر الیگزنڈر لوکاشینکو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی اے ایف نور خان ائیر بیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلا روس کے صدر کا کابینہ ارکان سے تعارف کرایا جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا، بیلاروس کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں ۔

بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران صدر لوکا شینکو اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی، اس دوران بیلاروس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے ، بیلاروس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا ، وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں ،بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے .