بھارتی اداکارہ کے بیٹے کی لاش برآمد، دو دوستوں کی گرفتاری

نئی دہلی ۔بھارتی ٹی وی کی مشہور اداکارہ سپنا سنگھ کے 14 سالہ بیٹے کی لاش ملنے کے واقعے کے بعد پولیس نے مقتول کے دو دوستوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سپنا سنگھ کے بیٹے ساگر گنگوار کی لاش عزت نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک کھیت سے ملی تھی۔ اس واقعے کے بعد سپنا سنگھ نے بریلی میں احتجاج کیا، جو پولیس کی کارروائی کی یقین دہانی پر ڈیڑھ گھنٹے بعد ختم ہوا۔

ساگر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کی اصل وجہ کا تعین نہیں ہو سکا، لیکن رپورٹ میں زہر یا منشیات کی زیادہ مقدار کے امکان کا ذکر موجود ہے۔

پولیس نے ساگر کے دو دوستوں، انوج اور سنی کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے ساگر کے ساتھ منشیات اور شراب نوشی کی تھی۔ ان کے مطابق، زیادہ مقدار لینے کے بعد ساگر بے ہوش ہو کر گر گیا تھا۔ خوف کے عالم میں، دونوں نے اسے گھسیٹ کر کھیت میں چھوڑ دیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق، ساگر بریلی کے علاقے آنند وہار کالونی میں اپنے ماموں اوم پرکاش کے ساتھ رہتا تھا اور آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔

یہ واقعہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ معاشرتی مسائل، خاص طور پر کم عمر افراد میں منشیات کے استعمال کے خطرات، کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔