راولپنڈی ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عرب ممالک کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے ان تمام اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے جیل میں ان سے ملاقات کے بعد بتایا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے خلاف جاری منفی مہم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عمران خان نے عرب ممالک، بشریٰ بی بی اور شہدا کے بارے میں پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو تحریک انصاف سے غیر متعلق قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان اکاؤنٹس کا پارٹی یا کارکنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات نہ کرانا مذاکراتی عمل کو ناکام بنانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے لاپتہ افراد کے معاملے کی تحقیقات کے لیے قاضی انور کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو اتوار تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عدالت میں عمران خان کی جیل میں سہولیات کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر عدالت نے بچوں سے کال، ڈاکٹر کی رسائی اور کتابوں کی فراہمی کی درخواست منظور کر لی ہے۔
عمران خان نے پارٹی کو لاپتہ افراد کے مسئلے پر کام کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ان کے مقدمات مذاکرات کا حصہ نہیں ہیں، بلکہ انہوں نے ملک کے مسائل پر بات چیت کی حمایت کی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی سنجیدگی دیکھ کر مذاکرات پر آمادہ ہوئے ہیں۔