اسلام آباد(کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد نے سال 2025میں ٹریفک کے نظام کو موثر بنانے اور ٹریفک قوانین پر عملددرآمد کو یقینی بنانے کے لئے “ٹریفک ایمرجنسی نافذ” کر دی،آئی جی اسلام آباد نے انوسٹی گیشن ونگ کے افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا،انہوں نے تمام افسران کو زیر تفتیش مقدمات میں تفتیش کو جلد مکمل کرنے اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے احکامات جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلا م آباد میں اہم اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا،جن میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک،ایس پی سی آئی اے رخسار مہدی سمیت تمام ٹریفک پولیس ڈویژنل ڈی ایس پیز ،انچارج انوسٹی گیشنز یونٹس اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سال 2025 میں ٹریفک کے نظام کو مثالی بنانے کے لئے “ٹریفک ایمرجنسی نافذ” کر دی،انہوں نے پولیس افسران کو ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے، شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے، رش کے اوقات میں اضافی نفری کو تعینات کرنے ا ور غیرقانونی پارکنگ کی روک تھام کے لئے احکامات جاری کئے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہری سال 2025میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں واضح فرق محسوس کریں گے.
انہوں نے شہریوں کو پیغام دیا کہ وہ حادثات سے بچاو¿ کے لئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے انوسٹی گیشن ونگ ،ہومی سائیڈ اور SSOIUیونٹ کے افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا،انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں شہر کو جرائم سے پاک کرنا ہمارا اہم ہدف ہے، تمام انوسٹی گیشن افسران تفتیش کو میرٹ اور پروفیشنل طریقے سے مکمل کریںاور رواں سال گزشتہ سال کی نسبت مقدمات کی تکمیل کی شرح میں اضافہ کریں.
انہوں نے تمام افسران کو نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے اور تفتیش کو سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے،انہوں نے مزید کہا کہ سنگین جرائم ، چوری اور راہزنی سمیت دیگر جرائم میں ملوث کوئی بھی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچنا چاہیے، اسلا م آباد کے شہریوں کو تحفظ اور ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔