اسلام آباد ۔وائس چیئرمین کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (کیپ) انجنئیر اظہر الاسلام نے کہا ہے کہ وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیر زادہ کا کنسٹرکشن سیکٹر پر ٹیکسز میں کمی کا بیان خوش آئند ہے ہمارا مطالبہ ہے اس سیکٹر کو ریلیف دیا جائے تاکہ یہ اپنی پوری استطاعت کیساتھ چل سکے کیونکہ رہائش کی کمی کنسٹرکشن سیکٹر پورا کرسکتا ہے مگر بے تحاشا ٹیکسز نے اس سیکٹر کو شدید متاثر کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے آمدہ بجٹ کیلئے تجاویز مانگی ہیں ہماری سب سے بنیادی تجویز ہی یہی ہے کہ کنسٹرکشن سیکٹر پر سے ٹیکسز کا جال ختم کیا جائے۔ملک میں دو کروڑ سے زائد گھروں کی کمی ہے جس میں سالانہ دس لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چند برسوں سے حکومتوں کے اقدامات سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہورہا ہے ٹیکس دینے والوں کو ہی ہمیشہ نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے کتراتے ہیں کاروبار کو آسان بنانا اور کاروباری برادری کو ہر قسم کی سہولیات دینا ہوں گی.