اسلام آباد ۔اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے آفیشل کوآرڈینیٹر و چیئرمین یوتھ کمیٹی آئی سی سی آئی انجنئیر عثمان نواز بسرا نے کہا ہے کہ وزیر ہاو¿سنگ ریاض حسین پیر زادہ کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسز میں کمی کرنے کے بیان کو سراہتے ہیں ،سیاسی جماعتیں معیشت کیلئے ایک پیج پر آ کر سرمایہ کار کو متوجہ کرسکتی ہیں۔حکومت کا ٹیکسز میں کمی کرنا اور کاروباروں کو سہولیات دینا ایک بہترین قدم ہے یہ خوش آئند ہے کہ حکومت کو بھاری ٹیکسیشن کے نقصانات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں مگر سرمایہ کار بالخصوص اوورسیز کمیونٹی کو متوجہ کرنے کیلئے تمام جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاروباروں بالخصوص رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو کمپلیکس ٹیکسیشن نے شدید متاثر کیا ہے،بےتحاشا قسم کے ٹیکسز جن کی شرح میں بھی بغیر سوچے سمجھے اضافہ کیا گیا ہے انہوں نے اچھے بھلے اس چلتے ہوئے سیکٹر کو جامد کردیا ،اب مارک اپ ریٹ میں کمی آنے سے کاروباروں کی بحالی کے کچھ اثرات نظر آنے لگے ہیں اس کو مزید بہتر کرنے کیلئے فی الفور قابل عمل پالیسیاں بنانی ہوں گی اور آمدہ بجٹ ہر لحاظ سے کاروبار دوست ہونا چاہیے۔
