بچے کی پیدائش کے بعد کمر اور ٹانگوں کی حس ختم ہوگئی تھی، شالینی پاسسی

نئی دہلی ۔رئیلٹی شو کے ذریعے بالی ووڈ میں مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ شالینی پاسسی نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے بچے کی پیدائش کے بعد انہیں شدید جسمانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں شالینی نے زچگی کے بعد پیش آنے والے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ 18 سال کی عمر میں سنجے پاسسی سے شادی کی اور 21 سال کی عمر میں پہلی بار ماں بنیں۔ لیکن یہ مرحلہ ان کے لیے بے حد مشکل ثابت ہوا۔

شالینی نے کہا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ان کی کمر اور ٹانگوں میں سن ہونے کی شکایت ہوئی، اور ڈاکٹروں نے انہیں ہر چھ ماہ بعد ریڑھ کی ہڈی میں انجیکشن لگوانے کا مشورہ دیا، کیونکہ وہ چلنے پھرنے اور معمول کے کام کرنے سے قاصر ہو گئی تھیں۔

ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا کہ وہ ہائی ہیل پہننے یا دوبارہ ڈانس کرنے کے قابل نہیں رہیں گی۔ لیکن شالینی نے ان مشوروں کو نظرانداز کرتے ہوئے ڈانس کلاسز میں واپسی کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یوگا اور مسلز ٹریننگ کے ذریعے اپنی ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بنایا، اور ان کے ڈاکٹر آج بھی ان کی بحالی کو ایک معجزہ قرار دیتے ہیں۔

قبل ازیں ایک ریڈٹ سیشن میں شالینی نے کم عمری میں شادی کے تجربے کو زندگی کو الٹ ترتیب سے جینے کے مترادف کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جب ان کا بیٹا گریجویٹ ہو چکا ہے اور کام کر رہا ہے، وہ خود کو ایک 16 سالہ لڑکی کی طرح محسوس کرتی ہیں جو زندگی کے نئے تجربات سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔