عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر

راولپنڈی:190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ آج بھی مؤخر کردیا گیا۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے فیصلہ مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر اور نیب کی لیگل ٹیم کے دیگر اراکین سمیت بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بھی موجود تھے۔

سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس کی اضافی نفری اور ایلیٹ فورس کے دستے تعینات کیے گئے تھے، جب کہ جیل کے داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری رہا۔

عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان موجود تھیں، لیکن بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سماعت میں شریک نہیں ہوئے۔ عدالت نے دونوں کی غیر موجودگی کے باعث فیصلہ 17 جنوری تک مؤخر کردیا۔

سماعت کے دوران جج ناصر جاوید نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کو متعدد بار طلبی کے پیغامات بھیجے گئے، لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت کا وقت صبح 8:30 بجے مقرر تھا، لیکن ملزمان اور ان کے وکلا موجود نہیں ہیں، جس کے باعث کیس کا فیصلہ مؤخر کیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل پہنچیں، لیکن وہ عدالت میں پیش ہوئے بغیر واپس روانہ ہوگئیں۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ مؤخر کیا جا چکا ہے۔ ٹرائل کی آخری سماعت 18 دسمبر کو ہوئی تھی، اور یہ فیصلہ آج سنایا جانا تھا، تاہم ملزمان کی غیر حاضری کے باعث عدالت نے آج تیسری بار فیصلہ مؤخر کیا۔