اے بی این نیوز چینل اور روزنامہ اوصاف کے چیف رپورٹر مرحوم جاوید شہزاد کی رسم قل کی تقریب،سیاسی وسماجی شخصیات کی بھر پور شرکت

راولپنڈی(سپیشل رپورٹر)روزنامہ اوصاف اور اے بی این نیوز کے چیف رپورٹر جاوید شہزاد مرحوم کی رسمِ قل خوانی ان کی رہائش گاہ پر ادا کی گئی۔ اس موقع پر صحافتی، سیاسی، عسکری اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مرحوم کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا۔رسمِ قل خوانی میں شریک ہر شخص نے جاوید شہزاد مرحوم کے اعلیٰ اخلاق، دیانتداری، اور صحافت کے میدان میں ان کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین صحافی تھے بلکہ انسانیت کے علمبردار بھی تھے۔

تقریب میں روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر راجہ مہتاب خان،سی ای او اے بی این نیوز محسن بلال ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ جاوید اخلاص، پاکستان بیت المال کے سربراہ زمرد خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عامر فدا پراچہ، سماجی رہنما عبداللہ گل بیورو چیف اے بی این نیوز خالد جمیل اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی،اس کے علاوہ سابق چیئرمین آر ڈی اے راولپنڈی حامد نواز راجہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں نے جاوید شہزاد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے صحافت کے میدان میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، جو مدتوں پورا نہیں ہو سکے گا۔شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔اسلام آباد ، راولپنڈی کی صحافتی برادری کا جاوید شہزاد کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جاوید شہزاد مرحوم کی صحافت میں دی گئی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی دیانتداری اور پیشہ ورانہ اقدار صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ جاوید شہزاد مرحوم کے بھائی خرم شہزاد نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے بھائی کی خدمات اور محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔