اسلام آباد۔نادرا نے شہر قائد میں شہریوں کے لیے ایک نئی اور آسان سروس متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو انتظار کی پریشانی اور طویل قطاروں سے نجات دلانا ہے۔
حکام کے مطابق، نادرا کراچی ریجن کی جانب سے “بائیکرز سروس” کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس سہولت کے تحت شہری اپنے قومی شناختی کارڈ کے اجرا اور تجدید سمیت دیگر نادرا خدمات سے مستفید ہوسکیں گے، اور یہ سروس پیر کے روز سے شروع ہوگی۔
ابتدائی مرحلے میں کراچی میں 3 بائیکس، جبکہ حیدرآباد اور میرپورخاص میں 1،1 بائیک کے ذریعے یہ سروس فراہم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید 10 بائیکس آئندہ چند دنوں میں اس سروس کا حصہ بنائی جائیں گی تاکہ اس سہولت کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
اس سروس کے تحت، بائیک سروس کے نمائندے بیک پیک میں تمام ضروری آلات لے کر شہریوں کے گھروں پر پہنچیں گے اور سروس فراہم کریں گے۔ گھر پر سہولت کی فراہمی کے لیے شہریوں سے ایک ہزار روپے اضافی فیس وصول کی جائے گی، جس میں 825 روپے سروس فیس اور 175 روپے ڈیلیوری چارجز شامل ہوں گے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کو ان کے گھروں پر سہولت فراہم کرکے وقت اور محنت کی بچت کو ممکن بنائے گا۔