راولپنڈی(کرائم رپورٹر) ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں ایک اور آگاہی ورکشاپ کا انعقاد ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ہیڈ کوارٹرز میں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی خصوصی کاوش پر واسا اور دیگر پرائیویٹ و پبلک سروس ھیوی ڈرائیورز کے لئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلہ میں سی ٹی او راولپنڈی کی طرف سے واسا اتھارٹیز کو واسا کے ھیوی ڈرائیورز کی ٹریننگ سے متعلق ایک مراسلہ بھی لکھا گیا تھا، ڈی ایس پی ٹریفک ھیڈکوارٹرز راولپنڈی کی جانب سے تمام ڈرائیورز کو ٹریفک ھیڈ کوارٹرز پہنچنے پر خوش آمدید کہا گیا ، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اورقومی ترانہ سے کیا گیا ، شرکا سے خطاب کرتے ھوۓ ڈی ایس پی ھیڈکواٹرز کا کہنا تھا کہ سی ٹی او راولپنڈی کے ویژن پر جاری ان روڈ سیفٹی آگاہی ورکشاپس کا مقصد حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس اور ڈرائیورز کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے تا کہ سڑک پر ہر وقت رہنے والے طبقے کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور ڈرائیورز کو لائسنس کے حصول سے متعلق آگاہی دینے کیساتھ ساتھ سفارش کے کلچر کو ختم کرنے ، ڈرائیورز کے مسائل کو سننے اور ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھانا ھے.
کیونکہ سال 2024 کے ٹریفک حادثات کے اعدادو شمار کے مطابق شہر میں زیادہ تر حادثات کی وجہ بڑی و مال بردار گاڑیاں ہیں جوکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں اور سالانہ بے شمار افراد زخمی ہوتے ہیں ، انکا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سڑکوں پر حادثات کے باعث ایک سال میں 13 لاکھ افراد موت کا شکار ہوئے جبکہ یومیہ تین ہزار سات سو شہری زخمی ہوئے تاہم گزشتہ دو سالوں میں زخمیوں کی تعداد دس سے پچاس ملین بتائی گئی ہے اور ان حادثات کے باعث معذور ہونے والے افراد کی تعداد سالانہ دو ملین سے زائد ہے ، آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے بتایا کہ سال 2025 میں ٹریفک حادثات کو روکنے کے لئے تمام ہیوی گاڑیوں، مال برداراور پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز کے لئے تربیتی ورکشاپ کےانعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا .
ایسی ہیوی گاڑیاں جو معصوم شہریوں کی جان و املاک کے لیے خطرے کا باعث بنتی ہیں کوسڑک پر چلنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ڈرائیورز کو اپنا قانونی ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور انچارج لائسنسنگ برانچ کو انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات دیں، محفوظ سڑکوں کے عزم کو فروغ دیتے ہوئے انہوں راولپنڈی میں غیر لائسنس یافتہ یا غیر تربیت یافتہ ہیوی و پبلک سروس ڈرائیورز و مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا عندیہ بھی دیا، آگاہی ورکشاپ سے موٹروھیکل ایگزامنر ، انچارج لائسنسنگ، انچارج چالان برانچ اورانچارج ایجوکیشن ونگ نے بھی خطاب کیا ، موٹر وھیکل ایگزامنر نےشرکاء کو گاڑیوں کی الیکٹریکلی و مکینیکلی فٹنس ، روڈ سیفٹی اور دھند میں محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے مکمل بریف کیا، ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکاء کو بتایا کہ ہیوی گاڑیاں کن وجوہات کی بناء پر حادثات کا شکار ہوتی ہیں،شرکاء کو ٹریفک اشاروں، لازمی،معلوماتی،احتیاطی نشانات کے ساتھ لائسنس،فٹنس سرٹیفکیٹس،روٹ پرمٹ کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔