قتل و غارت کرنے والے بلوچستان ہی نہیں، پورے پاکستان کے دشمن ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قتل و غارت کرنے والے عناصر صرف بلوچستان کے نہیں، بلکہ پورے پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کے عزائم کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ حماس اسرائیل جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہو۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس جنگ میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بچے، خواتین اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کو قید کیا جا چکا ہے اور غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی آزادی کے حق میں آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے پاکستان اپنی ذمہ داری نبھائے گا۔

انہوں نے گوادر ائرپورٹ کے فضائی آپریشن کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ چین کے تعاون سے مکمل ہونے والا منصوبہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑا اثاثہ ثابت ہوگا۔ شہباز شریف نے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تحفے کی قدر کرنا ہمارا فرض ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ 10 سالہ شراکت داری کے تحت 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو پاکستان کی معیشت کو تقویت دے گی۔ انہوں نے اس موقع پر آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر بھی بات کی اور کہا کہ دسمبر میں 348 ملین ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کے پروگرام کو مزید آگے بڑھانے اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے تمام اقدامات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے حج کے انتظامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی عازمین کو اس سال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن قائم کرنے کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہموار کریں گی، اور قوم کو اس مقصد کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔