پاک فضائیہ کے جے ایف 17لڑاکا طیاروں کی سعودی عرب تک براہ راست اڑان، فضا میں ہی ری فیولنگ

راولپنڈی ۔پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے کثیر الملکی فضائی جنگی مشقوں “اسپیئرز آف وکٹری 2025” میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ طیاروں نے اپنے ہوم بیس سے براہ راست سعودی عرب کا سفر کیا اور دوران پرواز ایئر ٹو ایئر ایندھن بھرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ان مشقوں میں پاک فضائیہ کی شرکت علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پی اے ایف کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ مشق میں جے ایف-17 تھنڈر بلاک III طیاروں کے ساتھ فضائی اور زمینی عملہ بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، یہ طیارے طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اے ای ایس اے ریڈار اور بی وی آر میزائلوں سے لیس ہیں، جو انہیں جدید ترین فضائی جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتے ہیں۔ مشق میں جے ایف-17 دیگر جدید لڑاکا طیاروں کے مقابل اپنی کارکردگی دکھائیں گے۔

“اسپیئرز آف وکٹری 2025” میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، یونان، قطر، یو اے ای، امریکہ، اور برطانیہ کی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے اور کمبیٹ سپورٹ عناصر حصہ لے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سعودی شاہی فضائیہ پانچویں بار ان مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے۔ یہ مشق تکنیکی ترقی، ایئر پاور کے اطلاق میں بڑھتی ہوئی پیچیدگی، اور مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز کے دوران مختلف ممالک کی فضائیہ کے مابین تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔