بحریہ ٹاؤن پشاور: زمینی بے ضابطگیوں پر ملک ریاض کے خلاف مقدمہ درج

پشاور۔بحریہ ٹاؤن پشاور کی زمین خریداری میں بے ضابطگیوں پر معروف پراپرٹی ٹائیکون اور بزنس مین ملک ریاض اور ان کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر گزشتہ رات تھانہ متھرا میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) متھرا کی شکایت پر درج کی گئی۔

ایف آئی آر میں ملک ریاض حسین، حنا ملک، حامد ریاض، اور عامر رشید اعوان کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں چھ دفعات شامل کی گئی ہیں، جن میں دفعہ 419 اور 420 نمایاں ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق، بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے متھرا تحصیل میں بغیر این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے رہائشی منصوبے کی لانچنگ کی، جو قانونی تقاضوں اور مقامی حکومت کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اس شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے اپنے منصوبے کے لیے متعلقہ محکموں سے این او سی کے حصول میں بے ضابطگیاں کیں اور غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں، جو کہ لوگل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔