لندن۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے دو بینکوں سے ایک ارب ڈالر قرض حاصل کرنے کے لیے تمام شرائط طے کر لی ہیں، جس سے ملک کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کی ایک اہم پیشرفت ممکن ہو سکے گی۔
ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں ایک انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے قرض کے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قرض 6 سے 7 فیصد سود کی شرح پر دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس معاہدے میں دو طرفہ قرض اور تجارتی فنانسنگ کی سہولت شامل ہے، جو دونوں ہی ایک سال کی مختصر مدت کے لیے ہیں۔
یہ قرض اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد کی جانب سے پیش کیے گئے اس منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت مشرق وسطیٰ کے کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 4 ارب ڈالر حاصل ہونے ہیں۔
انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن سے بی ریٹنگ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔