اسلام آباد۔ملک کے تمام ائرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے،ایف آئی اے امیگریشن کی اسلام آباد ائرپورٹ پر بڑی کارروائیاں ۔لیبیا سے آنے والے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا
حراست میں لیے گئے مسافروں کی شناخت فرحان اشرف، علی ذیشان اور تقی الحسن سجاد کے نام سے ہوئی ۔فرحان اشرف اور علی ذیشان نامی مسافروں نے یورپ جانے کے غرض سے ثاقب جج نامی ایجنٹ کو بھاری رقوم ادا کی
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹ کے ذریعے فیصل آباد سے لیبیا براستہ دبئی اور مصر سفر کیا۔لیبیا میں کچھ عرصہ قیام کے بعد ایجنٹس نے مسافر کو کشتی کے ذریعے اٹلی کی جانب بھجوانے کی کوشش کی۔
بعد ازاں مسافروں کو لیبیائی حکام نے حراست میں لے کر پاکستان واپس بھیج دیا ۔ایک اور کاروائی میں شناخت بدل کر بیرون ملک سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا،گرفتار ملزم نے اشرف عباس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اسپین جانے کی کوشش کی
امیگریشن کلیرینس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا ،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا اصل نام تقی الحسن سجاد ہے ،ملزم نے اشرف عباس کی سفری دستاویزات استعمال کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کی ،ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے