اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے ثقافتی مشیر احسان خزاعی،ڈاکٹر حمانہ کریمی کی خصوصی شرکت
اسلام آباد(سی این پی)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز(نمل) کے زیر اہتمام ثقافت اور بہارکی آمد پر بین الاقوامی میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ایران سمیت مختلف ممالک کے شرکاء نے شرکت کی۔دوروزہ بین الاقوامی ثقافتی فیسٹیول کاافتتاح ریکٹر محمد جعفر نے کیا اُن کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے ثقافتی مشیر احسان خزاعی،سفارتخانے کی پبلک ڈپلومیسی اورشعبہ میڈیا کی سربراہ ڈاکٹر حمنہ کریمیکہ،نمل یونیورسٹی کے شعبہ فارسی زبان وادب کے سربراہ ڈاکٹر محفوظ اعوان بھی تھے۔
تقریب کا آغاز ریکٹر یونیورسٹی اور معزز مہمانوں کے مختلف اسٹالوں کے دورے کے بعد ہوا۔پاکستان میں ایران کے ثقافتی مشیر نے تمام معزز مہمانوں کاخیر مقدم کیا اور انہیں ایرانی تہذیب،رسوم وروایات بالخصوص نوروز کے قدیم جشن کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پرملکی وغیر ملکی طلباء،پروفیسرز اورایرانی تہذیب سے دلچسپی رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نوروز کے پویلین میں مقامی اور قومی ثقافت،سیاحتی مقامات،ایرانی کھانوں ودیگر اشیاء کا خیر مقدم کیا۔
اسلام آباد میں ایرانی کلچرل کونسل کی جانب سے دوروزہ فیسٹیول میں ایران کے نوروز پویلین میں دستکاری کیساتھ نوروز کی مشہورتقاریب کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔تقریب میں انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی آرٹ گروپس کی جانب سے ثقافتی اور روایتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر احسان خزاعی نے کہاکہ موسم بہار اور نوروز کے موقع پرایران وپاکستان اور فارسی بولنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خطے کے ممالک بشمول فارسی بولنے والے ممالک نوروز کی تقریبات کو جوش وخروش سے مناتے ہیں۔پاکستان میں نوروز کی تقریبات کے بارے میں احسان خزاعی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے ملک کے ثقافتی مشیر، کچھ ثقافتی شخصیات اور ادبی گروپوں کے تعاون سے، نوروز کے دوران خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ موسم بہار اور نوروز کی تقریبات ایران، پاکستان، افغانستان، تاجکستان، ترکی اور کچھ دوسرے ممالک کے درمیان ایک مشترکہ عنصر ہیں،انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اور فارسی زبان بولنے والے ممالک میں ایرانی رسم و رواج اور ثقافت کی نمائش بہت زیادہ ہے۔
تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے پبلک ڈپلومیسی اور میڈیا سیکشن کی سربراہ ڈاکٹر حمنہ کریمی نے فیسٹیول کو ایران کی بھرپور ثقافت اور تہذیب بالخصوص نوروز کی روایت کو متعارف کرانے کا ایک موقع قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان میں بہت سی ثقافتی مشترکات ہیں جنہیں ہم آج کے دن مناتے ہیں۔