ٹرمپ نے یوکرین جنگ کے حوالے سے روس سمیت دیگر کو دھمکی دے دی

واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو وہ روس اور دیگر متعلقہ ممالک پر ٹیکسز، ٹیرف اور دیگر پابندیاں عائد کر سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو انہیں روس اور دیگر متعلقہ ممالک سے امریکا کو برآمد کی جانے والی مصنوعات پر سخت ترین ٹیکسز اور ٹیرف لگانے کے ساتھ پابندیاں عائد کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے روس کے علاوہ کسی اور ملک کا ذکر نہیں کیا جس پر وہ ممکنہ طور پر پابندیاں لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے سے پہلے کہا تھا کہ وہ صدارت سنبھالتے ہی روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو فوری طور پر ختم کرانے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔