برلن۔جرمن شہری نے پانی کے اندر 120 دن گزار کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق، جرمن ایرو اسپیس انجینئر 59 سالہ روڈیگر کوچ نے پاناما کے ساحل پر سمندر کے نیچے اپنے 320 اسکوائر فٹ کے کیپسول میں یہ حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا۔
اس سے پہلے پانی کے اندر سب سے طویل وقت گزارنے کا ریکارڈ امریکی شہری جوزف ڈٹوری کے پاس تھا، جنہوں نے فلوریڈا کی ایک جھیل میں 100 دن گزارے تھے۔
روڈیگر کوچ کے کیپسول میں تمام بنیادی سہولیات موجود تھیں، جن میں ایک بستر، بیت الخلا، ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور یہاں تک کہ ایک ایکسرسائز بائیک بھی شامل تھی۔ کیپسول کو پانی کے اوپر موجود چیمبر سے جوڑا گیا تھا، جس کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جاتی تھیں اور مہمانوں کو کیپسول تک آنے کا راستہ دیا گیا تھا۔ بجلی کی فراہمی کے لیے سطح پر شمسی پینل اور بیک اپ جنریٹر نصب کیے گئے تھے۔
کیپسول میں نصب چار کیمروں کے ذریعے روڈیگر کوچ کی ذہنی صحت اور روزمرہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی۔
روڈیگر کوچ کا کہنا ہے کہ ان کا یہ تجربہ انسانی زندگی کے امکانات کو نئی سمت دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق، “ہم یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سمندر میں انسانوں کے رہنے کے لیے ایک عملی ماحول قائم کیا جا سکتا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ یہ تجربہ ہمارے انسانی زندگی کے بارے میں سوچنے کے روایتی انداز کو بدلنے میں مددگار ثابت ہوگا۔