اسلام آباد۔دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
یہ درجہ بندی برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اقوامِ متحدہ کی عالمی سیاحت کی تنظیم، سسٹین ایبل ٹریول انٹرنیشنل اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے کی ہے۔
فہرست میں گلگت بلتستان کو 20ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، جو اپنی حسین وادیوں، دلکش جھرنوں، اور تاحدِ نگاہ پھیلی ہریالی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔
گلگت بلتستان کی اہمیت کا اندازہ یونیسکو کی فہرست میں شامل دیوسائی کے میدانی علاقے اور شنگریلا کی آئینہ جیسی شفاف جھیلوں سے لگایا جا سکتا ہے۔
وادیٔ ہنزہ کے چیری کے خوشبودار پھول، خوبانی کے باغات، قدرتی عجائبات، سرسبز وادیاں اور قدیم جھیلیں اس علاقے کو واقعی جنت کا دروازہ بناتی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ گلگت بلتستان کو عالمی سطح پر خوبصورت سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہو۔ اس سے قبل فنانشل ٹائمز نے بھی اسے دنیا کے 50 بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کیا تھا۔