راولپنڈی(نیوز رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے راول فورسٹ پارک میں قائم کردہ نئی راول فورسٹ لائبریری کے حوالے سے ایک شیشن آر ڈی اے کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کی۔ اس اجلاس میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، مختلف کالجوں اور دیگر اداروں سے 16 شاعروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتابوں سے دوستی کرنی چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف انسان کے علم میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ گہرے اور پرمعنی خیالات کی تخلیق کا ذریعہ بھی ہیں۔ لائبریریاں علم و فکر کے مراکز ہیں جو انسان کو نئے زاویوں سے سوچنے کی تحریک دیتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لائبریریاں قوموں کے فکری ارتقاء میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور نظریات و اصولوں کے تحفظ کی گاہیں ہیں۔ اجلاس میں شریک شاعروں اور دانشوروں نے اس بات پر زور دیا کہ لائبریری کا تحفظ اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے تاکہ یہ معاشرتی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ایک شاعر نے تجویز دی کہ لائبریری میں ٹی ہاؤس بنایا جائے تاکہ ادب اور فکری مکالمے کی فضا قائم کی جا سکے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے مزید کہا کہ اس شیشن کا مقصد پڑھنے کی عادات کو فروغ دینا ہے۔
ہم ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں نوجوان اور بچے اپنے خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لائبریری نوجوانوں کے لیے دنیا سے جڑنے کا ذریعہ بنے گی، جہاں انہیں علم اور کہانیوں کی رنگین دنیا کا سامنا ہوگا تاکہ وہ پہلے قدم سے ہی پڑھنے کی عادت اپنائیں اور اس کے فوائد سے مستفید ہوں۔ اس موقع پر کنزہ مرتضیٰ نے امید ظاہر کی کہ راول فورسٹ لائبریری نوجوانوں کے لیے ایک مثبت مقام ثابت ہو گی اور وہ یہاں آ کر پڑھنے کی اہمیت کو سمجھیں گے اور اس کی جانب اپنی دلچسپی کو مزید بڑھائیں گے۔