کسٹم حکام کروڑوں روپے مالیت کے موبائل ہڑپ کر گئے ،ڈمیاں عدالت میں پیش کرنے کا انکشاف،خاتون جج برہم،انکوائری کا حکم دیدیا

اسلام آباد ۔اسلام آباد ایئرپورٹ سے آغا خان فائونڈیشن کے ہیلی کاپٹر کے پرزوں کی امپورٹ کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے سات ہزار سے زائد پکڑے گئے موبائل فونز کسٹم انٹیلی جنس کے اہلکاروں کی طر ف سے مال ہڑپ کر کے ڈمیاں عدالت میں پیش کرنے کاانکشاف ہوا ہے۔

عدالت میں معاملہ کھلنے پر خاتون جج اہلکاروں پر برہم ہوگئی۔اور فوری طور پر معاملے کی تحقیقات کر کے ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ۔واقعے کے بعد کسٹم اہلکار و افسران میں کھلبلی مچ گئی ۔کسٹم اہلکاروں نے چند سال قبل آغا خان فاؤنڈیش کے سامان کی آڑ میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے آئی فونز برآمد کرکے ضبط کیے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے پرزوں کی آڑ میں سات ہزار موبائل فون منگوائے گئے تھے جس پر کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کرلیا چار سال قبل کسٹم انٹیلی جنس نے مقدمہ درج کرکے چالان عدالت پیش کیا کسٹم کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت جاری ہے

گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے پکڑے گئے موبائل فونز مال مقدمہ عدالت پیش کرنے کا کہا جس پر کسٹم نے موبائل فونز عدالت پیش کئے تو پتہ چلا کہ سینکڑوں موبائل تبدیل کئے گئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کسٹم کو حکم دیا ہے کہ موبائل فون میں ردوبدل کرنے میں ملوث کسٹم افسران‘ اہلکاروں کی فیکٹ فائونڈنگ انکوائری کرکے رپورٹ عدالت پیش کی جائے اور ملوث کسٹم افسران‘ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔