اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ایس ایس پی محمد سرفراز ورک نے بطور ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا،تمام افسران سے تعارفی ملاقات کی اورسکیورٹی ڈویژن کے مرکزی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی محمد سرفراز ورک نے بطور ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن اسلام آباد اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا،انہوں نے تمام افسران سے تعارفی ملاقات کی اورسکیورٹی ڈویژن کے مرکزی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی.
اس موقع پر نوتعینات ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن نے تمام افسران کو مزید بہتری کیلئے مناسب ہدایات جاری کیںاور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفارت خانوں، سفارت کاروں، ملکی و غیر ملکی اہم تنصیبات، ڈپلومیٹک انکلیو اور ہائی سکیورٹی زون کے داخلی و خارجی راستوں کی سکیورٹی کویقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کو درپیش محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل کے بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل کو یقینی بنایا جائے جبکہ افسران کی ویلفئیر کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ،ایس ایس پی محمد سرفراز ورک اس سے پہلے چیف ٹریفک پولیس آفیسر اسلام آباد اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔