اسلام آباد(نیوز رپورٹر)موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے”مائنس 2 ڈگری” کے وفد نے وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے کاربن کمی کی حکمت عملی پر بات چیت کرنا تھا، رومینہ خورشید عالم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کاربن ٹریڈنگ پالیسی کی رہنما ہدایات قومی کاربن مارکیٹ کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہدایات سبز سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پیرس معاہدے کے تحت پاکستان کے موسمیاتی اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی، رومینہ خورشید نے مزید کہا یہ اقدام کاروباری اداروں کو صاف ستھری ٹیکنالوجیز اور طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے کم کاربن معیشت کی طرف منتقلی میں سہولت ملے گی۔ ان ہدایات کو عملی جامہ پہنا کر ہم عالمی معیار کے مطابق پاکستان کو کاربن ٹریڈنگ میں قائدانہ مقام د لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران رومینہ خورشید عالم نے کاربن ٹریڈنگ کی ہدایات کے کامیاب نفاذ کے لیے مقامی اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کاربن کریڈٹ کی تخلیق میں دیانت داری اور شفافیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ یہ پاکستان کے موسمیاتی اقدامات کے سفر کے لیے ایک اہم موقع ہے، انھوں نے ترقی یافتہ ممالک سے کہا کہ وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کو کاربن مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کریں ، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکرٹری عائشہ حمیرہ موریانی نے وفد کو وفاقی سطح پر بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صنعتی شعبے میں نیٹ زیرو کاربن اقدامات کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔ انھوں نے اس عمل کے دوران کاروباری کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت بھی اجاگر کی، عائشہ موریانی نے بنگلہ دیش کے اقتصادی زون کی کامیابی کا ذکر کیا جو موسمیاتی اہداف کے لیے مخصوص ھے، جسے پاکستان کے لیے ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی ترقی کے فریم ورک میں ماحولیاتی ذمہ داری کو شامل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اڈیشنل سیکرٹری، ذوالفقار یونس نے وفد کی تجاویز کا جائزہ لیا اور مستقبل کے تعاون کے لیے قیمتی آراء فراہم کیں۔
رومینہ خورشید عالم نے پاکستان کے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کا بھی ذکر کرتے ھوئے کہا کہ آج کا مشترکہ عمل ہمارے کمیونٹیز اور ماحولیاتی نظاموں کی حفاظت کرے گا تاکہ ایک محفوظ تر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے پاکستان کے قومی موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی عالمی موسمیاتی کارروائی کے فریم ورک سے ہم آہنگ شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتی ھے.